خاتون ملازم کو ہراساں کرنےکا معاملہ، وفاقی محتسب نے بینک کے صدرکو طلب کرلیا

 

File Photo

اسلام آباد کے نجی بینک میں خاتون ملازم کو ہراساں کرنے کے معاملے پر  وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسگی نے نجی بینک کے صدر کو 13نومبر کو طلب کرلیا۔ نجی بینک کے صدر کو بھیجے گئےنوٹس میں ہراسانی میں ملوث بینک ملازم کے خلاف ایکشن کی رپورٹ بھی جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔ وفاقی محتسب برائے انسدادہراسگی کی جانب سے نجی بینک کویکم اکتوبر سے9نومبر 2020 تک کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جمع کرانےکی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹس میں کہاگیا ہےکہ ایف ٹین برانچ اسلام آبادکے ملازم ویڈیو میں خاتون ساتھی کو ہراساں کرتے نظر آئے، بینک ہراسانی میں ملوث ملازم سے متعلق 'انٹرنل ہراسمنٹ کمیٹی' کی رپورٹ بھی جمع کرائے۔نوٹس وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسگی سیکرٹریٹ کے رجسٹرار  رحمان شہزاد نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے وکیل جواد خورشید ایڈووکیٹ کی شکایت پرجاری کیا ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ دنوں اسلام آبادکے نجی بینک منیجر کی جانب سے ساتھی خاتون ملازم کےساتھ نازیبا حرکات کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کی جانب سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیاگیا تھا۔بعد ازاں اسلام آباد پولیس نے نجی بینک کے منیجر کو ساتھی خاتون ملازم کو ہراساں کرنے کے الزام میں حراست میں لیا تھا جب کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آبادحمزہ شفقات کے مطابق مذکورہ شخص کو حراست میں لینے کے ساتھ ساتھ نوکری سے بھی فارغ کردیا گیاہے اور اسٹیٹ بینک قواعد کے مطابق  ملزم کسی اور بینک میں ملازمت بھی نہیں کرسکےگا

کراچی: 7 افراد کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم لندن کا اشتہاری دہشتگرد گرفتار

 


کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نےایم کیو ایم لندن کے مطلوب اشتہاری دہشت گرد فہیم جاوید عرف انقلابی کو گرفتار کر لیا۔ایس ایس پی سی ٹی ڈی آپریشن 2 عارف عزیز کے مطابق کورنگی میں ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر فہیم جاوید عرف انقلابی کو گرفتار کیا گیا ہے جو قتل کی 7 وارداتوں میں مطلوب تھا۔انہوں نے بتایا کہ ملزم نے یہ وارداتیں اپنے ساتھیوں ظفر عرف فیصل مینڈک اور ارشد عرف چھوٹا اسد کے ساتھ مل کر کیں۔ایس ایس پی کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش لانڈھی، کورنگی اور زمان ٹاؤن میں اغوا کے بعد قتل کرنےکا اعتراف کیا جب کہ ملزم نے تمام وارداتیں 2012 میں کرنے کا انکشاف کیا ہے۔سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ فہیم جاوید عرف انقلابی نے محبت خان اور سمیع اللہ نامی شخص کو اغواکیا اور ساتھی ظفر عرف فیصل مینڈک اور عابدکے ساتھ قتل کیا۔ ملزمان نے قتل کی یہ واردات اس وقت کے ایم کیو ایم کے ممبر صوبائی اسمبلی علیم الرحمان کے پلاٹ پر کرنے بعد لاش پھینک دی۔

کراچی: شہری کے بائیک سمیت گٹر میں گرنے کے بعد انتظامیہ جاگ گئی

 

File Photo

کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریامیں دو اسپتالوں کے اطراف زیرآب سڑکوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔گلبرگ میں مین ہول بیٹھنے کے باعث سڑک پر سیوریج کا پانی جمع ہوگیاجب کہ گڑھے میں موٹر سائیکل سوار گر کر شدید زخمی ہوا۔سڑکوں کی حالت زار اور پانی جمع ہونےکی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جب کہ وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے بھی ویڈیو ٹوئٹر پر شیئرکردی۔پھر وفاقی وزیر علی زیدی نے موٹر سائیکل سوار کے حادثے کی ویڈیو ٹوئٹ کی لیکن وہ بھی شہر میں سیوریج کو ٹھکانے لگانے والے ادارے سے لاعلم نکلے اور یہ جانے بغیر کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شلوانی غیرملکی دورے پر ہیں، اُن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔علی زیدی نے ایڈمنسٹریٹرکراچی افتخار شلوانی سے مطالبہ کرتے ہوئےکہاکہ پیپلز پارٹی سے توکوئی امید نہیں، ایڈمنسٹریٹرکراچی جلد از جلد اس پرکام شروع کریں،لوگوں کی جان خطرے میں ہے۔ اصل صورت حال سامنے لے آیا اور حالیہ صورت حال کے مطابق سڑک پر پانی جمع نہیں تاہم  یہ سڑک2 ماہ تک سیوریج کے پانی میں ڈوبی رہی اور متعدد حادثات کا سبب بنتی رہی، اب پانی تو نکال دیا گیا ہے،تاہم سڑک ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہےاور  لوگوں کا مشکلات کا سامنا ہے۔ بلدیہ عظمٰی حکام نے بتایاکہ یہ کام کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا ہے، معاملہ اٹھانے پر واٹر بورڈکا عملہ مین ہول کی مرمت کے لیے پہنچ گیا۔اعدادوشمار کے مطابق کراچی میں ڈھائی لاکھ مین ہولز ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت مخدوش ہے۔

شکست خوردہ ٹرمپ نے امریکی وزیر دفاع کو فارغ کردیا

 

File Photo

صدارتی انتخاب میں شکست کا سامنا کرنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی کابینہ میں شامل وزیر دفاع مارک ایسپر کو عہدے سے فارغ کردیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں مارک ایسپر کو عہدے سے ہٹانے کا اعلان کیا اور کہا کہ ان کی خدمات کے لیے شکر گزار ہیں۔ٹرمپ نے امریکی نیشنل کاؤنٹر ٹیرر ازم سینٹر کے ڈائریکٹر کرسٹوفر سی ملر کو قائم مقام وزیر دفاع مقرر کیا ہے۔خیال رہے کہ امریکی صدارتی انتخاب کے اب تک سامنے آنے والے غیر سرکاری نتائج کے مطابق جو بائیڈن 290 الیکٹول ووٹس حاصل کیے ہیں جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ 214 ووٹس حاصل کرسکے ہیں۔ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دیکر امریکا کے نئے صدر منتخب ہوگئے ہیں اور یہ قانون کے مطابق 20 جنوری کو حلف اٹھائیں گے۔