’میلانیا نے ٹرمپ سے طلاق لینے کا اصولي فیصلہ کرلیا‘

 

File Photo

ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کی سابق سینئر مشیر اسٹیفنی ووک آف نے دعویٰ کیا ہے کہ ملانیا اپنے شوہر ٹرمپ سے طلاق لے لیں گی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میلانیا ٹرمپ کی سابق سینئر مشیر اسٹیفنی ووک آف نے دعویٰ کیا ہے کہ میلانیا ٹرمپ طلاق کے بعد اپنے بیٹے کو بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی جائیداد میں سے برابر حصہ دلوانے کے معاملے پر مشاورت کر رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹرمپ اور میلانیا وائٹ ہاؤس میں اپنے بیڈ رومز الگ کرچکے ہیں۔دوسری جانب ٹرمپ حکومت کی سابق عہدیدار اومروسا مینیگولٹ نیومین نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ میلانیا کی ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ 15 سالہ شادی پہلے ہی ختم ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ میلانیا ٹرمپ ایک ایک منٹ گِن رہی ہیں کہ کب ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس چھوڑیں گے اور وہ ان سے طلاق لے سکیں گی۔اس سے قبل 2016 میں جب ڈونلڈ ٹرمپ غیرمتوقع طور پر الیکشن جیتے تھے تو میلانیا پھوٹ پھوٹ کر روئی تھیں کیونکہ انہیں یقین ہی نہیں تھا کہ ٹرمپ انتخابات جیت جائیں گے۔خیال رہے کہ امریکا کے صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے اور اب وہ امریکا کے 46 ویں صدر ہوں گے۔

پی پی کا وہی فیصلہ ہوگا جو پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر کیا جائے گا: آصف زرداری

سابق صدر آصف علی زرداری نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اجلاس میں کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا وہی فیصلہ ہوگا جو پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر کیا جائے گا۔اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا اہم اجلاس سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت ہوا جس میں سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اجلاس میں بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اپوزيشن جماعتیں جلسوں کا سلسلہ جاری رکھیں گی، 22 نومبر کو پشاور، 30 نومبر کو ملتان اور 13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ ہوگا۔دوسری جانب اجلاس میں نواز شریف کے بیانیے پر گرما گرم بحث ہوئی۔ اس موقع پر آصف زرداری نے کہا ہےکہ پیپلزپارٹی کا وہی فیصلہ ہوگا جو پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پرکیا جائے گا۔ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پاس نوازشریف کا بیانیہ قبول کرنے کے علاوہ راستہ کیا ہے؟ راجا پرویز اشرف نے کہا کہ اگر جلسوں ميں اسٹیبلشمنٹ کے بجائے افراد کے نام لینے ہیں تو پی ڈی ایم کا نیا اجلاس بُلاکر طے کرنا ہوگا۔سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمیں اپنی جماعتوں کے بیانیے سے بالاتر ہوکر مشترکہ مؤقف اختیار کرنا ہوگا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے غیرملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا تھا کہ پی ڈی ایم کے جلسے میں فوجی قیادت کا نام لینا مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا اپنا فیصلہ تھا۔بلاول کے انٹرویو کو وفاقی وزراء نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ بلاول کا انٹرویو ذمہ دارانہ ہے، پی پی (ن) لیگ کے ساتھ نہیں چلے گی۔

امارات میں غير شادی شدہ جوڑوں کو ایک ساتھ رہنے کی اجازت مل گئی

 

file photo

متحدہ عرب امارات(یو اے ای) میں قوانین میں نرمی کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت شراب نوشی سمیت غير شادی شدہ جوڑوں کو ایک ساتھ رہنے کی اجازت ہوگی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسلامی پرسنل لاء میں غیر معمولی ترامیم کے بعد غیر شادی شدہ جوڑوں کو ایک ساتھ رہنے کی اجازت مل گئی ہےجب کہ 21 سال یا اس سے زائد عمرکے افراد کےلیے شراب نوشی اور فروخت پر سزائیں ختم کردی گئی ہیں۔ترمیم شدہ قوانین کے بعد ’غیرت کے نام پر قتل‘ایک قابل گرفت جرم ہوگا جب کہ ایسے مردوں کے لیے سخت سے سخت سزا ہوگی جو خواتین کو کسی بھی طرح ہراساں کرتے ہیں۔اماراتی حکومت کاکہنا ہےکہ قانونی اصلاحات دراصل ملک میں سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے اور ’رواداری کے اصولوں‘ کو مستحکم کرنے کی کوششوں کاحصہ ہیں۔

پی ڈی ایم کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

 


اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے اجلاس میں ویڈیو لنک پر گفتگو میں آصف زرداری نے مشورہ دیا کہ کئی محاذ ایک ساتھ کھولیں گے تو کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور امیر حیدر ہوتی نے نواز شریف کے بیانیے پر تنقید جب کہ محمود خان اچکزئی نے حمایت کی ہے۔دوسری جانب اے این پی رہنما امیر حیدر ہوتی نے پی ڈی ایم رہنماؤں کو جلسوں میں لہجہ تبدیل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف تقاریر جلسوں میں دکھانی چاہئیں۔اجلاس میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ اتنا بڑا معاملہ نہیں، اگر کوئی لفظ معنی خیز نتیجہ نکالتا ہے تو پی ڈی ایم رہنما طے کر لیں۔شاہ اویس نورانی نے کہا حکومت سے ڈائیلاگ نہیں ہو گا جب کہ انہوں نے پی ڈی ایم جلسوں میں لہجہ یکساں رکھنے کی بھی تجویز دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ اویس نورانی نے اجلاس میں سوال اٹھایا کہ گارنٹر سے کس فورم پر بات ہو گی؟ جس پر اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات ہوئی تو پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ہو گی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا اہم اجلاس سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت ہوا جس میں سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اجلاس میں بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے بھی شرکت کی جب کہ اجلاس میں ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

والدین نے پسند کی شادی کی خواہش پر بیٹی کو زندہ جلادیا

 

File Photo

گوجرانوالہ میں مبینہ طور پر پسند کی شادی کی خواہش پر والدین نے بیٹی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔پولیس کے مطابق واقعہ باورے کے علاقے میں پیش آیا جہاں لڑکی مبینہ طور پر اپنے رشتے دار لڑکے سے شادی کرنا چاہتی تھی لیکن لڑکا پہلے سے شادی شدہ تھا جس کی وجہ سے لڑکی کے والدین شادی کے مخالف تھے۔ لڑکی کی ضد پر والدین نے اس پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی، متاثرہ لڑکی کو تشویش ناک حالت میں میو اسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا جب کہ والدین کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

کراچی: شہری کو لٹنے سے بچانے کی کوشش میں ڈاکو کی فائرنگ سے اہلکار شہید

 

File Photo


کراچی کے علاقے کریم آباد میں مینا بازار کے قریب شہری کو لٹنے سے بچانے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ میں پولیس اہلکار شہید ہوگیا جبکہ واقعے میں شہری کو لوٹنے والا ڈاکو بھی مارا گیا۔پولیس کے مطابق کریم آباد مینا بازار کے قریب شہری اے ٹی ایم سے رقم نکال کر نکل رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے شہری سے لوٹ مار کی کوشش کی۔پولیس نے بتایا کہ ہیڈ کانسٹیبل فیاض علی ڈیوٹی پر جارہا تھا، ڈاکوؤں کو دیکھ کر اہلکار نے فائرنگ کی جس سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ ہلاک ڈاکو کے ساتھی نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کی جس سے اہلکار زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق اہلکار فیاض علی کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے 5 اور 8 دیگر خول ملے ہیں اور فرار ہونے والے ملزم کی تلاش ہے۔شہید پولیس ہیڈ کانسٹیبل فیاض علی عزیز آباد تھانے میں تعینات تھا۔

لٹنے والے شہری احسن حسین کا مؤقف سامنے آگیا : دوسری جانب شہری احسن حسین کا ویڈیو بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں شہری کا کہنا ہے کہ نارتھ کراچی کارہائشی ہوں اور دوستوں کے ساتھ حسین آباد آیا تھا۔انہوں نے کہا کہ کریم آباد کے قریب اے ٹی ایم سے رقم نکال کر نکلا تو 2 ڈاکو آئے، وہیں سے گزرنے والے اہلکار نے مجھے لٹتے دیکھا تو قریب آیا تو ڈاکوؤں نے پولیس اہلکار کو دیکھ کر اُس پر فائرنگ کردی۔شہری کے مطابق پولیس اہلکار کی فائرنگ سے ڈاکو بھی ماراگیا۔